امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 6 ماہ میں قوم پر2240 ارب کے نئے قرضے چڑھ گئے ہیں،سابقہ حکومتیں بھی بھاری قرضے لیتی رہیں،یہ بھی یہی کررہی ہے۔
امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کابہاولپور میں کشمیرکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ صرف چہرے بدلے ہیں اور کچھ خاندانوں کوفائدہ پہنچا ہے،موجودہ حکومت کی چھ ماہ کی کارکردگی قابل تحسین نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہرالیکشن کے بعد عوام پہلے سے زیادہ مایوس نظر آتے ہیں،حکمران الیکشن کے دوران عوام سے کیےگئےوعدے پورے نہیں کرتے۔
ان کا کہنا تھاکہ سانحہ ساہیوال،ایس پی طاہر،مولانا سمیع الحق کےقاتلوں میں سےکسی کاسراغ نہ مل سکا،حکمرانوں کی کیا دلیل ہے کہ ساہیوال آپریشن ٹھیک تھا مگر مرنے والے بے گناہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ شراب اورعافیہ صدیقی پرن لیگ، پی پی اور پی ٹی آئی کا موقف ایک ہی نظرآیا، بہاول پور کے عوام کا مسئلہ صوبے کی بحالی کا مسئلہ ہے،جماعت اسلامی 5 فروری کو کراچی سے کشمیر تک یوم یکجہتی کشمیر منائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں شور شرابے کی ذمے داری اپوزیشن پر کم،حکومت پرزیادہ نظرآتی ہے،چھ ماہ کےدوران اسمبلی میں شور شرابہ زیادہ ہوا،قانون سازی کم ہے۔