تنخواہیں، الاؤنس اور ہیلتھ انشورنس نا ملنے پر سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹرز سراپا احتجاج ہیں۔ جناح، سول، لیاری جنرل اسپتال سمیت تمام ڈسٹرکٹ اسپتالوں میں اوپی ڈی مکمل طورپر بند کردی گئی ہیں۔
ڈاکٹرز کی تنظیموں نے مطالبات کی منظوری کے لیے جناح اسپتال، سول، لیاری جنرل سمیت تمام ڈسٹرکٹ اسپتالوں میں او پی ڈیز کو مکمل طور پر بند کردیا جس کے نتیجے میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مریضوں نے کہا کہ اسپتالوں میں بے یارو مددگار پڑے ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں۔
ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی نے کہا کہ تنخواہوں، الاؤنسز اور ہیلتھ انشورنس میں اضافہ کے لیے احتجاج کیا جارہا ہے، سندھ کے ڈاکٹرز کو بھی پنجاب کے ڈاکٹرز کے مساوی تنخواہ اور الاؤنسز فراہم کئے جائیں، مطالبات کی منظوری کےلیے حکومت کو ایک ہفتے کا وقت دیا تھا لیکن سندھ حکومت نے کوئی رابطہ تک نہیں کیا، اگر تین دن میں مطالبات منظور نہیں ہوئے تو ایمرجنسی اور وارڈز میں بھی ہڑتال کرینگے۔
دوسری جانب ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں کی اوپی ڈیز میں مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
کئی اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث مریض ایمبولینسوں میں ہی لیٹے ہوئے ہیں۔