روسی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات جس کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف اسلام آباد پہنچے جہاں ان کا استقبال دفترخارجہ کے سینئیر حکام اور روسی سفارتخانے کے عملے نے کیا، ضمیر کابلوف وزارتِ خارجہ پہنچے جہاں انہوں نے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی جس کے بعد پاکستان روس کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔
روسی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، افغانستان میں قیام امن سمیت مختلف علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ضمیر کابلوف کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں جب کہ مسئلے کے حل کے لئے پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، افغانستان میں قیام امن خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔