لورالائی میں ڈی آئی جی دفتر پرحملہ۔9پولیس اہلکارشہید

لورالائی میں ڈی آئی جی پولیس کے دفتر میں خود کش حملے میں9 پولیس اہلکار شہید اور21 افراد زخمی ہو گئے جب کہ فورسز کی فائرنگ میں 3 حملہ آور مارے گئے۔

شہید پولیس اہلکاروں کی شناخت صادق علی، غلام محمد، جاوید احمد، مطیع اللہ اور نعمت اللہ کے نام سے ہوئی ہے، واقعہ کے بعد امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جب کہ پولیس اور ایف سی کی اضافی نفری کو طلب کیا گیا۔

صوبائی وزیر داخلہ میرضیاء لانگو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی آئی جی پولیس کے دفتر پر 3 سے 4 دہشتگردوں نے حملہ کیا اور ایک خود کش حملہ آور نے دفتر کے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔

صوبائی وزیر داخلہ کے مطابق حملے میں 9 پولیس اہلکار شہید اور21 زخمی ہوئے، جبکہ 2 دہشت گرد فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے، مقابلہ اب ختم ہوگیا ہے اور ڈی آئی جی پولیس کے دفتر کو کلیئر کرالیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پولیس میں بھرتی کے لیے دفتر میں امیدواروں کے ٹیسٹ اور انٹرویو جاری تھے جس وقت حملہ ہوا۔ حملے میں دو دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔

لورا لائی میں ڈی آئی جی کے دفتر پر حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کر لی۔