حنیف عباسی کی فائل فوٹو
حنیف عباسی کی فائل فوٹو

حنیف عباسی انجیو گرافی کے بعد انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کو انجیو گرافی کے بعد انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

حنیف عباسی کے دل کے بائیں جانب نالی بند تھی جس پر ڈاکٹرز نے انجیوگرافی کے بعد اسٹنٹ ڈال دیا،ڈاکٹرز کے مطابق حنیف عباسی کو ایک دن تک انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا جائے گا۔

دو روز قبل ن لیگی رہنما کو طبیعت بگڑنے کے بعد کیمپ جیل انتظامیہ نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ن لیگی رہنما کی طبیعت گزشتہ کئی دنوں سے خراب تھی جو مزید بگڑ گئی۔
یاد رہے کہ ن لیگی رہنما ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

حنیف عباسی کے اہل خانہ نے ان کی طبیعت مزید بگڑنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز کے مطابق ان کے دل کی ایک اور شریان بند ہو گئی ہے جبکہ اس سے قبل ان کی ایک شریان میں ا سٹنٹ بھی ڈالا جا چکا ہے۔