پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے لورا لائی کمپلیکس کو کلیئر قرار دیتے ہوئے کمپاؤنڈ میں موجود 800امیدواروں کو بحفاظت نکال لیا ہے۔
منگل کی شب جاری کیے گئے بیان میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ3 خود کش حملہ آوروں نے لورا لائی پولیس کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم موقع پر موجود پولیس نے ایک دہشت گرد کو گولی ماری تو حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 2 دہشتگرد اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے ایک کمرے میں گھس گئے تاہم سیکیورٹی فورسز نے دونوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔
حملہ آوروں کی فائرنگ سے9 افراد شہید ہوئے جن میں 3 پولیس اہلکار، 5 سول ملازمین اور ایک پولیس بھرتی کیلیے آنے والا امیدوار شامل ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ڈی آئی جی آفس لورالائی پر دہشت گردوں کے حملے کی مزمت کی اور واقعہ کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔