کوئٹہ کے مغوی سرجن ابراہیم 5 کروڑ تاوان دے کر رہا

سول اسپتال کوئٹہ کے مغوی نیورو سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل 48 روز بعد اپنے گھر پہنچ گئے۔

ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین نے ڈاکٹر ابراہیم خلیل کے گھر پہنچنے کی تصدیق کر دی، انہیں ڈیڑھ ماہ قبل 13دسمبر کو کوئٹہ سے اغواء کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق نیور سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل کو بدھ کی صبح 6 بجے نامعلوم افراد نے چمن میں مال روڈ پر چھوڑ دیا، جہاں سے ایک ٹیکسی کے ذریعے وہ اپنے گھر پہنچے۔

ٹیکسی ڈرائیور کے مطابق ڈاکٹر ابراہیم خلیل کے کپڑے خون آلود تھے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ زخمی بھی تھے جبکہ ان کی حالت بھی کافی خراب اور خستہ حال تھی۔

ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ظفر مندوخیل کے مطابق  ڈاکٹر ابراہیم خلیل نے بتایا ہے کہ وہ پانچ کروڑ تاوان دے کر رہا ہوئے ہیں۔ حکومت نے ان کی بازیابی کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کیا جبکہ قید کے دوران ان پر تشدد بھی کیا گیا۔

نیور سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل کے اغوا ہونے کے بعد سے ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی اور دیگر ڈاکٹروں کی تنظیموں کی جانب سے ان کی بازیابی کے لیے کوئٹہ بھر کے اسپتالوں میں او پی ڈیز کا مسلسل بائیکاٹ کیا جارہا تھا۔