حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

وزارت داخلہ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کو ون ٹائم باہر جانے کی اجازت ملی ہے اور وہ جلد برطانیہ روانہ ہوں گے۔

ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دس سے 30 روز کے لیے دی جاتی ہے۔ حمزہ شہباز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں موجود ہے۔

16 جنوری کو لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے وزارت داخلہ کو نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔

حمزہ شہباز نے گزشتہ سال قطر جانے کی کوشش کی تھی تاہم انہیں نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے لاہور ائرپورٹ پر روک دیا گیا تھا۔

حمزہ شہباز کے خلاف صاف پانی کمپنی اور اثاثہ جات کی تحقیقات جاری ہیں جب کہ اُن کے خلاف غیر قانونی پُل اور 56 کمپنیوں سے مبینہ تعلق کی تحقیقات ہو رہی ہیں.