سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا معائنہ کرنے کے لیےخصوصی میڈیکل بورڈ کوٹ لکھپت جیل پہنچاجس کے بعد بورڈ کے ڈاکٹرز کی جانب سے نواز شریف کا طبی معائنہ کیاگیا۔
آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سینئیر پروفیسرز ڈاکٹر بریگیڈیر عبد الحمید صدیق اور بریگیڈئر عظمت حیات، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے پروفیسر شاہد حمید اور ڈاکٹر سجاد احمد، راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر حامد شریف خان اور ڈاکٹر طلحہ بن نذیر پر مشتمل خصوصی میڈیکل بورڈ نے کوٹ لکھپت جیل لاہور میں سابق وزیراعظم نوازشریف کا 2 گھنٹے تک تفصیلی طبی معائنہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور ان سے دل کی بیماری، علامات اور جسم کے مختلف حصوں میں ہونے والے درد سے متعلق استفسار کیا۔ میڈیکل بورڈ سے ہونے والی گفتگو کے دوران نواز شریف نے پٹھوں میں کھنچاؤ اور دل پر بھاری پن کی شکایت کی۔
ڈاکٹرز نے نوازشریف کا بلڈ پریشر چیک کرنے کے علاوہ ان کی ای سی جی اور ٹیسٹ کے لیے خون کے نمونے بھی لئے۔ میڈیکل بورڈ نوازشریف کی صحت کے متعلق سفارشات محکمہ داخلہ کو بھجوائے گا اور محکمہ داخلہ پنجاب میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں نوازشریف کے آئندہ کے علاج کے متعلق بھی فیصلہ کرے گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے درخواست بھی زیر سماعت ہے۔