وزیرمذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ ریاست مدینہ کا مطلب لوگوں کوخوشحالی دیناہے،مفت حج کروانانہیں، کابینہ کاحصہ ہوں ناراضی کا تاثرغلط ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا کہ ریاست مدینہ کا مطلب لوگوں کو خوشحالی دینا ہے، ریاست مدینہ کا مطلب یہ نہیں کہ لوگوں کومفت حج کراؤں، میں حج پرضرورجاؤں گااورانشااللہ اپنےخرچے پر جاؤں گا۔ وزارت مذہبی امور نے حج پر سبسڈی برقرار رکھنے کی تھویز دی تھی لیکن وزیراعظم اور کابینہ نے اس تجویز کو مسترد کردیا۔
نورالحق قادری نے مزید کہا کہ حکومت معاشی حالت میں بہتری کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے، حج ہرسال مہنگا ہوتا ہے، حج کی سبسڈی سے غریب اور امیر طبقہ دونوں مسفید ہورہا تھا، حج پر دی جانے والی سبسڈی مفاد عامہ کے دیگر اقدامات کے لیے مختص کریں گے۔ گزشتہ روز کابینہ اجلاس کے دوران فون آنے پر باہر گیا تھا لیکن اختلافات کا تاثر غلط ہے، آج سینیٹ اس لیے نہیں گیا کیونکہ میں اس تقریب میں شریک تھا۔ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی لائی گی۔