چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے اٹھارویں ترمیم آج کل خطرے میں ہے،ہرطرف سےحملے ہورہے ہیں لیکن پیپلز پارٹی پورے عزم کے ساتھ ان تمام قوتوں کا مقابلہ کرے گی ،ہم اٹھارویں ترمیم پرآنچ نہیں آنے دینگے۔
کندھ کوٹ میں مرحوم میر ہزار خان بجارانی کی پہلی برسی کے موقع پرجلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پہلی برسی سب کے لیے بہت تکلیف دہ ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میر ہزار خان بھٹو نے میرے نانا ذولفقار بھٹواور والدہ بینظیر بھٹو کے ساتھ کام کیا تھا۔ ذولفقار بھٹو نے عوام کو جو متفقہ آئین دیا اس کے لیے میر ہزار خان نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ مجھے اس بات پر بہت فخر ہے کہ میں نے میر ہزار خان کے ساتھ کام کیا۔
رہنما پیپلز پارٹی نے بتایا کہ 18ویں ترمیم ملک کو مضبوط کرنے کے لیے ہے لیکن اس وقت بہت زیادہ خطرے میں ہے۔ بدقسمتی سے اس پر ہر طرف سے حملے کیے جا رہے ہیں لیکن ہم 18ویں ترمیم پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے یہ طے کیا ہے کہ ہم آخری دم تک لڑتے رہیں گے لیکن پاکستانی عوام کے معاشی اور جمہوری حقوق پر سمجھوتہ بالکل نہیں کریں گے۔