احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار خواجہ برداران کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
لاہور میں احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کی سماعت کی، نیب کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو پیش کیا۔
نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ نیب کو ملزمان سے مزید تفتیش کرنی ہے، اس لئے ان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 روز کا اضافہ کیا جائے۔
عدالت نے فریقین کے موقف سننے کے بعد خواجہ برادران کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی نیب کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
خیال رہے کہ 26 جنوری کو احتساب عدالت میں سماعت کے دوران نیب کی جانب سے خواجہ برادران کے 15روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔احتساب عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جسمانی ریمانڈ میں 2 فروری تک توسیع کی تھی۔