کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ 12 مئی سے متعلق کیس میں میئرکراچی وسیم اختر،عمیرصدیقی سمیت 21 ملزمان پر ترمیمی فرد جرم عائد کردی، ملزمان نے عدالت کے رو برو صحت جرم سے انکار کردیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت کراچی میں سانحہ 12 مئی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
میئرکراچی وسیم اختر،عمیرصدیقی اور دیگرعدالت پیش ہوئے۔
درخواستِ ضمانت پروکیل سرکارنے دلائل مکمل کئے۔
عدالت نے مفرورملزم عبدالزاہد کی گرفتاری کے بعد 17 ملزمان کے ایک بار پھر ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور میئر کراچی وسیم اخترسمیت 21 ملزمان پر ترمیمی فردِ جرم عائد کردی۔ فرد جرم عائد ہونے کے بعد تمام ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ 12 مئی 2007 کو سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور آمریت میں وکلا تحریک کے دوران غیر فعال چیف جسٹس افتخار چوہدری کی کراچی آمد پر سیاسی جماعت کے کارکنوں کی فائرنگ سے وکلا سمیت کم از کم 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔