میڈیا حکومت گرانے کیلئےہمارے ساتھ کندھا ملائے۔ زرداری

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ صحافی حکومت گرانے میں ہمارے کندھے سے کندھا ملائیں ہم صحافیوں کے معاملات ٹھیک کرنے کے لیے اُن کا ساتھ دیں گے۔

اسلام آباد میں مسئلہ کشمیر سے متعلق اے پی سی میں خطاب کے دوران آصف زرداری نے کہا کہ سیاسی معاملات پر سیاسی جماعتوں کی پوزیشن مختلف ہوسکتی ہے لیکن مسئلہ کشمیر پر تمام پاکستانیوں کا ایک ہی موقف ہے، ہم کشمیر کو خود سے الگ نہیں کرسکتے کشمیر ہمارے خون میں شامل ہے، کشمیر ہم سے اور ہم کشمیر سے جدا نہیں ہوسکتے۔

آصف زرداری کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کو سمجھنا چاہیے کہ کشمیر پر حکومت کا نہیں پورے پاکستان کا ایک ہی موقف ہے، پاکستان نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر سے متعلق آواز بلند کی، بھارت سے جب بھی مذاکرات ہوئے کشمیر پر بات ہوئی، بلاول اور آصفہ بھی مسئلہ کشمیر کو سمجھتے ہیں اس پر آواز بلند کررہے ہیں، ہم کشمیر کو کبھی نہیں بھولیں گے، کشمیر کاز کو سب سے زیادہ نقصان آمریت کے دور میں پہنچا، کشمیر کاز پر تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، انشاء اللہ میں کشمیر کو اپنی زندگی میں آزاد دیکھوں گا۔

ایک سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ میڈیا ہمارے ساتھ حکومت گرانے کے لئے کندھا ملائے ہم آپ کے ساتھ ملائیں گے۔