این اے91سرگودھاکے20پولنگ اسٹیشنزپردوبارہ ووٹنگ میں پی ٹی آئی کامیاب

سرگودھا : قومی اسمبلی کے حلقے این اے 91 کے 20 پولنگ اسٹیشنز پر ہونے والی دوبارہ ووٹنگ میں پاکستان تحریک انصاف نے کامیابی حاصل کرلی۔
نجی ٹی وی کے مطابق این اے 91 سرگودھا کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے عامر سلطان چیمہ نے 12 ہزار 28 ووٹ حاصل کیے جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار ڈاکٹر ذوالفقار 3 ہزار 134 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اس سے قبل سرگودھا کے حلقہ این اے 91 میں الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کے دوران پولنگ بیگز کی سیلیں ٹوٹی ہونے اور بیگز غائب ہونے کے معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ کا جائزہ مکمل کرنے کے بعد ری پولنگ کا حکم دیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ریٹرننگ آفیسر کے انکشاف پر ڈائریکٹر الیکشن کمیشن پنجاب کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ ٹیم نے سرگودھا پہنچ کر مفصل تحقیقات کے ساتھ درجنوں ملازمین سے پوچھ گچھ بھی کی تھی۔
بتایا گیا کہ سرگودھا کے حلقہ این اے 91 کے کل 20 پولنگ اسٹیشنز میں دھاندلی کا ہونا ثابت ہوگیا۔ حلقہ این اے 91 کے کل 20 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹ ٹیمپر کیے گئے۔ اس لیے الیکشن کمیشن نے ان 20 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 کے موقع پر این اے 91 سرگودھا کے حلقے کے عامر سلطان چیمہ منتخب ہوئے تھے۔