ملک بھر میں سردی کا راج برقرار،میدانی علاقوں میں دھند

ملک میں سردی کا راج برقرار ہے، سب سے زیادہ سردی اسکردو میں منفی 9 ریکارڈ کی گئی جبکہ اسلام آباد 4، لاہور 5 اور کراچی میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔جبکہ لاہور سمیت قومی شاہراہ پرخانیوال،بستی ملوک،لودھراں،بہاولپور، مسافرخانہ میں دھند کا راج ہے۔

ملک بھر میں سردی کے ڈیرے، بالائی علاقوں میں سفیدی ہی سفیدی چھائی ہے جس سے موسم شدید سرد ہے۔ گلیات اور بٹگرام کے علاقوں میں دو روز بعد بھی راستے نہ کھولے جا سکے۔ رابطہ سڑکیں بند ہونے سے لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ تاہم بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے اور جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں صبح کے وقت ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے۔

آج سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 09، بگروٹ منفی 08، کالام ، استور منفی 07، مالم جبہ 05، قلات منفی 04، ہنزہ اور مری منفی 03 اور کوئٹہ میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 4، لاہورپانچ، فیصل آباد 6، ملتان 5، پشاور 4 اور کراچی میں 13 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

ادھر لاہور سمیت قومی شاہراہ پرخانیوال،بستی ملوک،لودھراں،بہاولپور، مسافرخانہ میں دھند کا راج ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمدکے مطابق لاہور میں حدنگاہ 50 میٹرتک ہے لہذا گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گاڑی مناسب رفتار پر چلائیں، دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال نہ کریں اور اگر ہو سکے تو دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130, ہم سفر ایپ سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔