’مودی کا دورہ سری نگر کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے‘

سینئر حریت رہنما الطاف بٹ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا دورہ سری نگر کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ مودی سرکار کو لاکھوں کشمیریوں کے خون کا حساب دینا ہوگا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے الطاف بٹ کا کہنا تھا کہ نریندرمودی کے دورے سے قبل مقبوضہ وادی کو فوجی چھاؤنی بنادیاگیا ہے،نریندرمودی کا دورحکومت مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم سےعبارت ہے۔

سینئر حریت رہنما کا کہنا ہے کہ نہتے اورمعصوم شہریوں کے سینے گولیوں سے چھلنی اور ان کی بینائی چھیننے والے نریندر مودی کا دورہ سری نگر کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کےمترادف ہے۔ مودی سرکار کو لاکھوں شہید کشمیریوں کے خون کا حساب دینا ہوگا۔ معصوم کشمیریوں پرگولیاں برسانےوالےمودی کااستقبال احتجاج سے کیاجائےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں غیراعلانیہ کرفیو، محاصرہ و تلاشی اور حریت رہنماؤں کی گرفتاریاں و نظربندیاں جاری ہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔