پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز لندن پہنچ گئے ہیں، وہ لندن میں 7روز قیام کریں گے۔
شہباز شریف کے صاحبزادے اور مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز قطر ایئرویز کی فلائٹ 629 کے ذریعے لندن روانہ ہوئے جبکہ وہ قطر ایئر لائن کی ہی فلائٹ 628 کے ذریعے 13 فروری کو وطن واپس پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سے ڈیل ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ،نواز شریف عوام کیلیے پاکستان میں ہیں تو ڈیل کیسی۔
لندن پہنچنے پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےان کا کہنا تھاکہ اب کونسی ڈیل کرنی ہے ،پارلیمنٹ میں بھی پوچھا گیا تھا کہ کون کس سے ڈیل کر رہاہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس لوگوں کو گرفتار کرنے اورای سی ایل میں نام ڈالنے کے علاوہ کوئی کام نہیں۔
حمزہ شہباز پر مقدمات ہونے کی وجہ سے اُن کا نام وزارت داخلہ کی جانب سے بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا تھا تاہم انہوں نے نام بلیک لسٹ میں ڈالنے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔
16 جنوری کو لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے وزارت داخلہ کو نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔
حمزہ شہباز کو ون ٹائم (ایک بار) بیرون ملک جانے کی اجازت ملی ہے جس میں دس سے 30 روز کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔
حمزہ شہباز نے گزشتہ سال قطر جانے کی کوشش کی تھی تاہم انہیں نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ہونے کی وجہ سے لاہور ایئرپورٹ پر روک دیا گیا تھا۔
حمزہ شہباز کے خلاف صاف پانی کمپنی اور اثاثہ جات کی تحقیقات جاری ہیں جب کہ اُن کے خلاف غیر قانونی پُل اور 56 کمپنیوں سے مبینہ تعلق کی تحقیقات ہو رہی ہیں.