حکومت کراچی کو دوبارہ روشنیوں کاشہر بنانے پرتوجہ دے،سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ روشن مستقبل کی طرف بڑھنے کے لیے اداروں کا استحکام ضروری ہے،حکومت ملک کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کراچی کو دوبارہ اندھیروں میں دھکیلنے کی بجائے روشنیوں کا شہر بنانے کی طرف توجہ دے ۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بلدیاتی اداروں کو اختیارات اور وسائل دیئے بغیر عام آدمی کے مسائل حل نہیں ہوسکتے،جب تک سیاست افراد اور خاندانوں کے گرد گھومتی رہے گی ادارے مضبوط نہیں ہوں گے،فیصلے میرٹ اور صلاحیت کی بنیاد پر ہونے چاہئیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ڈھائی کروڑ آبادی کا یہ شہر کچھ عرصہ سے عدم استحکام کا شکار ہے اور شہری خود کو لاوارث سمجھ رہے ہیں،ضرورت اس بات کی ہے کہ مرکزی و صوبائی حکومت شہری حکومت کے ساتھ مل کر اس کو دوبارہ ماڈل سٹی بنائیں،کراچی میں چاروں صوبوں کے لوگ رہائش پذیر ہیں اور کراچی ماں کی طرح انہیں پال رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے گلی کوچوں اور عا م آدمی تک جمہوریت کے ثمرات پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کیا جائے اور بلدیاتی اداروں کو وہ تمام اختیارات دیے جائیں جو آئین کی رو سے ان کا حق ہے ۔

ہر حکومت بلدیاتی داروں کو مضبوط کرنے اور شہری حکومتوں کو اختیارات دینے کے دعوے و اعلانات تو بہت کرتی ہے لیکن عملاً تمام اختیارات کو وہ اپنی مٹھی میں بند رکھتی ہے جس سے عا م شہری اپنے آئینی حقوق سے محروم رہتاہے ۔