اختیارات سے تجاوز کرنے کے ریفرنس میں سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔
احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے، سابق وزیراعظم کے وارنٹ کی متعلقہ سفارتخانے سے تعمیل کرانے کا بھی حکم دیا گیا ہے،کیس کی سماعت 25 فروری تک کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ شوکت عزیز 20 اگست 2004 سے لے کر 15 نومبر 2007 تک پاکستان کے وزیر اعظم رہے۔ انہوں نے چھ نومبر 1999 سے 15 نومبر 2007 تک پاکستان کے وزیر خزانہ کے طور پر بھی کام کیا۔
30 جولائی 2018 کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے شوکت عزیز کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کا ریفرنس دائر کیا تھا۔
ان پر دیگر افراد کے ساتھ مل کر بشارت حسن بشیر کو غیر قانونی طریقے سے بطور کنسلٹنٹ انرجی بورڈ تعینات کرنے کا الزام ہے۔
ان کے ساتھ دیگر افراد میں سابق وفاقی وزیر پانی اور بجلی لیاقت علی خان جتوئی، پانی و بجلی کے سابق سیکریٹری اسماعیل قريشی اور پانی اور بجلی کے سابق ایڈشنل سیکریٹری یوسف میمن شامل ہیں۔