سندھ حکومت نے سپریم کورٹ سے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں چیئرمین پیپلزپارٹی اور وزیراعلیٰ سندھ کے نام جے آئی ٹی رپورٹ سے بھی نکالنے کی استدعا کر دی۔ درخواست میں 7 جنوری کے حکم نامے پر ریویو کی استدعا کی گئی ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے دائر نظرثانی اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل اور جے آئی ٹی رپورٹ سے نکالنے کا زبانی حکم دیا گیا، تحریری حکم نامے میں صرف ای سی ایل سے نام نکالنے کا کہا گیا، عدالت دونوں کے نام جے آئی ٹی رپورٹ سے بھی نکالنے کا حکم دے۔
سندھ حکومت کا مزید کہنا ہے کہ عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ ایڈووکیٹ جنرل نے تسلیم کیا کہ معاملہ نیب تفتیش کا متقاضی ہے، عدالتی حکم نامے کا یہ حصہ حقائق کے برعکس ہے اسے حذف کیا جائے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ کیس کی مزید انکوائری اسلام آباد میں کرنا شفاف ٹرائل سے انکار کے مترادف ہوگا، اس سے انتظامی مسائل پیدا ہوں گے، جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی انکوائری کا تمام ریکارڈ نیب کراچی کے حوالے کیا جائے اور مزید انکوائری بھی کراچی میں کی جائے۔