کراچی کی سٹی کورٹ نے گاڑی کے نیچے آ کر بلی کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ کراچی کے ساؤتھ زون میں پیش آیا جہاں ایک شخص کی پالتو بلی ایک خاتون کی گاڑی کے نیچے آکر مر گئی۔
بلی کی موت کے بعد شہری نے سٹی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ درخواست میں شہری کا کہنا تھا کہ واقعہ ڈیفنس فیز 8 درخشاں تھانے کی حدود میں یکم فروری کو پیش آیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں بے زبان جانوروں کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے، یہاں کی پولیس اور عدالت بھی جانوروں کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں۔
سٹی کورٹ نے بلی کی موت کی ذمہ دار خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔