بلاول بھٹو نے بھی جعلی اکاؤنٹس کیس میں نظر ثانی اپیل دائر کردی

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں نظر ثانی اپیل سپریم کورٹ پاکستان میں دائر کردی ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی جعلی اکاؤنٹس کیس میں جے آئی ٹی کی تشکیل اورحساس اداروں کے ممبران کی شمولیت پراعتراض اٹھاتے ہوئے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نظرثانی درخواست دائر کردی۔

درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ سپریم کورٹ نے 7 جنوری کو جے آئی ٹی کی رپورٹ سے نام نکالنے کا حکم دیا، تحریری فیصلے میں نام جے آئی ٹی رپورٹ سے نکالنے کا کوئی ذکرنہیں، سپریم کورٹ اپنے صوابدیدی اختیارکے پیرامیٹرزطے کرے۔

درخواست میں کہا گیا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل میں میری کوئی رضامندی شامل نہیں تھی، جے آئی ٹی میں حساس اداروں کے ممبران کا کیا کام ہے، ریکارڈ کے مطابق یہ مقدمہ نیب کا نہیں بیکنگ کورٹ کا بنتا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ طے کیا جائے کہ کس نوعیت میں صوابدیدی اختیارکا استعمال ہوسکتا ہے ، سپریم کورٹ 7 جنوری کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔