لاہور میں سیشن کورٹ کے دروازے کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو قتل کردیا،ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سیشن کورٹ میں صبح سویرے تین موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو قتل کردیا۔
مقتول کی شناخت بلال عظیم کے نام سے ہوئی جو مغلپورہ کا رہائشی تھا۔ بلال ایڈیشنل سیشن جج شاہد بیگ کی عدالت میں پسند کی شادی کے کیس کے سلسلے میں پیشی پر آیا تھا۔
سیشن جج لاہور نے عدالتے کے دروازے پر فائرنگ اور ایک شخص کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پولیس اہلکاروں سے رپورٹ طلب کرلی۔
سیشن جج نے ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
فاضل جج نے کہا کہ عدالت کے دروازے پر فائرنگ کی گئی لیکن پولیس اہلکاروں نے مزاحمت کیوں نہیں کی۔