سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہماری حکومت سے جنگ پاکستان کے وسائل کے لئے ہے، اب کوئی اور بنگلادیش نہیں بننے دینگے۔
ٹنڈو آدم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ہماری ان سے جنگ پاکستا ن کے وسائل کے لئے ہیں، پاکستان ہمارے بزرگوں نے بنایا ہے، ہم لڑتے رہیں گے ہمیں ہمارا حق لینے سے کوئی نہیں روک سکتا، اب کوئی اور بنگلادیش نہیں بننے دینگے۔
انہوں نے کہا کہ ان بے وفوقوں کی ٹانگیں ویسے ہی کانپ رہی ہے، الیکشن سے پہلے کہا تھا کہ یہ ڈھونگ اٹھارویں ترمیم کے لئے کیا جا رہا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ سول ایسوسی ایشن کا ہیڈ کوارٹر بھی اسلام آباد منتقل کیا جا رہا ہے، جامعات تو وہ لے ہی گئے اب سول ایسوسی ایشن کا ہیڈ کوارٹر بھی لے کر جا رہے ہیں، سول ایسوسی ایشن کی اسلام آباد منتقلی کے بعد تمام نوکریاں بھی ان کے پاس آجائیں گی۔
آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے اسی بجٹ میں ملک چلا کے دکھایا تھا، ہمیں غریبوں اور دھرتی کی سوچ رہتی ہے انہیں محلوں کی سوچ ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اٹھاسی کے بعد سندھ نے بہت ترقی کی ہے اب اور آگے جانا ہے، آج وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا شکریہ بھی ادا کروں گا انھوں نے اچھا کام کیا ہے۔