حکومت خود اپنی دشمن ہے، ہم کنٹینروں پر نہیں چڑھنا چاہتے۔خواجہ آصف

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ حکومت خود اپنی دشمن ہے، ہم کنٹینروں پر نہیں چڑھنا چاہتے۔

سیالکوٹ میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت خود اپنی دشمن ہے، بیورو کریسی کو کام نہیں کرنے دیا جا رہا اور گزشتہ چھ ماہ میں حکومت نے صرف پرانے منصوبوں پر تختیاں ہی لگائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نظام کو خطرہ ہے اور ہمیں تحفظات ہیں پھر بھی چاہتے ہیں نظام چلے، حکومت نوٹ چھاپ رہی ہے اور اب تک 1400 ارب چھاپ چکی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان جو 22 سال تک کہتے رہے اس پر عملدرآمد نہیں کیا، اب انہیں اکنامک ایڈوائزر بھی چھوڑ کر جارہے ہیں، پہلی مرتبہ ایک وزیراعطم آئی ایم ایف کے پاس جارہا ہے، انہوں نے کہا تھا کہ آئی ایف کے پاس جانے سے بہتر ہے خودکشی کرلوں۔

رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چئیرمین شپ سے ہٹانے کا فائدہ نہیں ہوگا بلکہ اس سے حالات بگڑیں گے اور ہم کنٹینروں پر نہیں چڑھنا چاہتے، ہم بھی اس نظام کو منجمد کر سکتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ خارجہ پالیسی بھی درست سمت میں نہیں، ایک وزیر کہہ رہا تھا کہ کلبھوشن کو بھیج دیا گیا ہے، جیسا وزیراعظم ویسے ہی ان کے وزیر ہیں، ڈر ہے کہ کہیں دیرینہ دوست ہم سے ناراض نہ ہو جائیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ این آر او صرف وزیراعظم کی ہمشیرہ کو ملا ہے، حکومت میاں نواز شریف کی بیماری کا فائدہ اٹھانا چاہتی ہے، دل کے مرض کے لیے ڈاکٹر کے بورڈ کی رائے کو تسلیم کیا جائے۔