ملک بھرمیں سردی کی شدت برقرار ہےجبکہ گلگت بلتستان،آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں حالیہ برف باری کے بعد موسم مزید سردہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کی پیش گوئی کر دی ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں ہرطرف برف ہی برف ہے، گلگت بلتستان میں استور،ہنزہ اور دیامر سمیت کئی علاقوں میں شدید سرد موسم کی وجہ سے پائپ لائنوں میں پانی بھی جم گیا جبکہ جلانے کی لکڑیوں کے دام بھی بڑھ گئے ہیں۔
آزادکشمیر اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں کہیں مطلع ابرآلود اور کہیں صاف ہے،مری میں بھی خون جما دینے والی سردی ہے، پنجاب کے دیگر شہروں میں سردی برقرار ہے۔
سندھ کے بیشتر شہروں میں موسم سرد ہے،بلوچستان کے بالائی علاقوں کو سرد ہواؤں نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے 30 اضلاع میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
تربت،گوادر،پنجگور سمیت مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ شمال مغربی حصوں میں برف باری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔