متحدہ دہشت گرد ساجد بونا پولیس تحویل میں
متحدہ دہشت گرد ساجد بونا پولیس تحویل میں

42افراد کا ٹارگٹ کلر جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر ساجد عرف بونا کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت میںمتحدہ قومی موؤمنٹ (لندن) کے مبینہ ٹارگٹ کلر ساجد عرف بونا کو پیش کیا گیا ، پولیس نے عدالت سے ملزم کو 4 روزہ ریمانڈ پر دینے کی درخواست کی ۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم پر 42 افراد کو قتل کرنے کا الزام ہے، جس کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم پولیس اہلکاروں، سیاسی کارکنوں اور سرکاری افسران کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کرچکا ہے، ملزم نے 1995 میں پولیس اہلکار نبی بخش کو قتل کیا تھا۔

تفتیشی افسر کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر جمشید کوارٹر سے بارود اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے 42 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایم کیو ایم لندن کے کارکن کو چار دن کےلیے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔