چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب میں مضبوط تعلقات ہیں، ہمیں امید ہے یہ باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاک سعودی تعلقات سے متعلق تصویری نمائش کا انعقاد ہوا۔ سعودی سفیر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔نمائش میں سعودی حکمرانوں کے دورہ پاکستان کی تصاویر آویزاں کی گئیں۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے بھرپور تعاون پر شکر گزار ہے، پاکستان اور سعودی عرب میں مضبوط تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب میں وفود کی سطح پر تبادلے ہوں گے۔ اسلامی ثقافت کے تحفظ میں سعودی عرب کا کردار قابل تعریف ہے۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ خطے کی بہتری کے لیے دونوں ممالک ایک دوسرے سے تعاون کر سکتے ہیں، سعودی شوریٰ کے وفد کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی ہے۔ پاکستانی عوام سعودی عرب کی سرمایہ کاری سے خوش ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اسلامی فوجی اتحاد کو سراہنا چاہیئے، سعودی عرب نے اس کی شروعات کی۔ ہمیں امید ہے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔