فائل فوٹو
فائل فوٹو

آزاد کشمیر کے شہری کی لاش مقبوضہ کشمیر کے قبرستان سے نکال لی گئی

مقبوضہ جموں وکشمیر کے  ضلع راجوری  کے علاقے نوشہرہ میں منگل کے روز حکام نے سات ماہ قبل دفنائے گئے آزاد کشمیر کے ایک شہری کی لاش کو قبر سے نکال کرفوج کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ محمد ارشد ولد محمد شبیر ساکن کوٹلی گجراں  آزاد کشمیر کی لاش کو 23 جولائی 2018 کو جھانگر میں بر آمد کیا گیا تھا اور بعد ازاں اس لاش کو راجوری کے نوشہرہ میں دفن کیا گیا تھا۔

ابتدا میں لاش کی پہچان نہیں ہوئی تھی تاہم بعد میں پاکستانی فوج نے راجوری میں ہندوستانی حکام سے لاش کو لواحقین کے حوالے کرنے کی اپیل کی تھی۔

پاکستان کی طرف سے اپیل کے بعد کمشنر راجوری نے پولس کو ہدایات جاری کیں کہ لاش کو قبر سے نکال کر فوج کے حوالے کیا جائے تاکہ وہ اس لاش کو پاکستانی فوج کے سپرد کرسکیں۔

ذرائع کے مطابق منگل کے روز سیول اور پولس کے عہدیداروں بشمول تحصیلدار، ایڈیشنل ایس پی نوشہرہ، متعلقہ ایس ایچ او اور ڈاکٹروں کی موجودگی میں لاش کو قبر سے نکالا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ لاش کو قبر سے نکالنے کے بعد فوجی حکام کے حوالے کیا گیا تاکہ وہ اس کو پاکستانی فوجی حکام کے سپرد کرکے چکن دا باغ کراسنگ کے ذریعے آبائی گاؤں پہنچا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ 22 اور 23 جولائی کی درمیانی شب کو محمد ارشد کی نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر بجلی کے کرنٹ لگنے سے موت واقع ہوئی تھی اور اگلے روز اس کی لاش کو کمپالہ موہرہ میں دفن کیا گیا تھا اور اس ذیل میں ایک کیس بھی درج کیا گیا تھا۔