پاک بحریہ کی کثیر القومی مشق "امن” 2019 پاکستان اور شریک ممالک کی جانب سے بحیرہ عرب میں بحری حربی تدبیروں اور انٹرنیشنل فلیٹ ریویو، پاک فضائیہ اور بحریہ کے طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے فلائی پاسٹ کے ساتھ ختم ہو گئی۔
2007 سے شروع ہونے والی امن مشق ہر دوسال بعد پاک بحریہ کے تحت بحیرہ عرب میں منعقد ہوتی ہے، رواں برس چھٹی امن مشق میں 45 ممالک کی افواج اور مبصرین نے شرکت کی۔
اس مشق میں بڑی عالمی بحری افواج امن کے حصول کی غرض سے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر مشترکہ آ پریشنز اور تجربات کا تبادلہ کرتی ہیں۔
امن 2019 دو مرحلوں یعنی ہاربر فیز (بندرگاہی مرحلہ) اور سی فیز (سمندری مرحلہ) پر مشتمل تھی۔
8 سے 10 فروری تک جاری رہنے والے ہاربر فیز میں بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس، سیمنارز، ملاقاتوں، ایک دوسرے ملک کے جہازوں کے دوروں، بین الاقوامی بینڈ اور میری ٹائم کاؤنٹر ٹیررازم کے مظاہروں، کلچرل شو اور فوڈ گالا پر مشتمل تھا۔
جب کہ دوسرا مرحلہ 11 اور 12 فروری کو سمندر کے اندر مشق کے انعقاد اور بین الاقوامی فلیٹ کے معائنے پر مشتمل تھا۔