وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کی کوشش رہی ہے کہ پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کیا جائے، بھارت کو یکے بعد دیگرے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ کو چیئرمین کمیٹی منتخب کرلیا گیا۔ وزیر خارجہ نے نو منتخب چیئرمین کو مبارک باد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امید ہے خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال پر اہم فیصلے کیے جائیں گے، پاکستان کو درپیش چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے بہترین رہنمائی کی جائے گی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ نو منتخب چیئرمین کی سربراہی میں قائمہ کمیٹی کی مشاورت سے چلیں گے۔ خارجہ پالیسی سے متعلقہ امور پر حکومت کی بہتر رہنمائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی کوشش رہی ہے کہ پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کیا جائے، بھارت کو یکے بعد دیگرے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستانی قوم کی کامیابی ہے دنیا آپ سے تعلقات بنا رہی ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، دنیا پاکستان سے رابطے کر رہی ہے۔ یہ پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے۔