وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امریکااور پاکستان کے تعلقات اہم موڑ میں داخل ہو چکے ہیں، امریکا کے حالیہ بیانات انتہائی مثبت ہیں، پاکستان پر انگلیاں اٹھانے کی بجائے پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اسلام آباد ائیر پورٹ سے جرمنی روانہ ہوگئے۔ وزیرخارجہ میونخ میں گلوبل سیکورٹی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ کانفرنس کے بعد وزیر خارجہ روس، کینیڈا، جرمنی اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔
دورہ جرمنی کے دوران وزیرخارجہ کی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات بھی متوقع ہے جب کہ میونخ میں 19 امریکی پارلیمینٹیرینز سے بھی ملاقات ہوگی۔
جرمنی روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گلوبل سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے جرمنی روانہ ہورہا ہوں، اس کانفرنس میں دنیا بھر میں بہت سے ممالک شرکت کرتے ہیں، کانفرنس کے دوران عالمی سیکیورٹی صورتحال پرمربوط لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا،مباحثے میں میں پاکستان کا اور افغان صدر اشرف غنی اپنے ملک کا نکتہ نظر پیش کریں گے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکااور پاکستان کے تعلقات اہم موڑ میں داخل ہو چکے ہیں، میونخ میں امریکی ارکان کانگریس کے وفد سے ملاقات متوقع ہے۔