شہباز شریف کی ضمانت پر رہائی حق و سچ کی فتح ہے۔ترجمان(ن) لیگ

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی ضمانت پر رہائی کو حق و سچ کی فتح قرار دیا ہے۔

شہبازشریف کی ضمانت پر رد عمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ میرٹ پر آیا ہے، دن رات چور چور ڈاکو ڈاکو کا نعرہ لگانے والوں ک لیے ماتم اور (ن) لیگ کے کارکنوں کے لیے حق و فتح کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے دونوں کیسوں میں قومی خزانے کی رقم بچائی، نیب کسی قسم کا کیس نہیں بناسکی، شہباز شریف نےکہا تھا کرپشن ثابت ہوگئی تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے حکومتی کارکردگی جب بھی سوال اٹھایا تو بادشاہ سلامت کو گراں گزرا ، ایک دن نوازشریف بھی سرخرو ہوں گے اور عوام کے درمیان ہوں گے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ایوان میں ہماری پوزیشن مضبوط ہے اس لیے حکومت کا بیانیہ چور چور کی سیاست پر تھا۔