آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں شہباز شریف کی درخواست ضمانت منظوری کے خلاف نیب نے سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کرلیا۔ عدالت عظمی میں صاف پانی کرپشن کیس میں ملزمان کی ضمانت کا اقدام چیلنج کیا جائے گا۔
لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینج کے فیصلے کے خلاف قومی احتساب بیورو(نیب) نے سپریم کورٹ کا درواز کھٹکٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
شہباز شریف کی آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں درخواست ضمانت منظوری کے بعد نیب نے سپریم کورٹ میں کیس کو چیلنج کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ نیب نے صاف پانی کمپنی کیس میں ہائی کورٹ سے منظور ضمانتوں کے خلاف بھی سپریم کورٹ سے رجوع کا فیصلہ کیا ہے۔
سپریم کورٹ میں سابق سی ای او وسیم اجمل، پروکیورمنٹ کنوینئر قمر اسلام سمیت دیگر کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی جائے گی۔ نیب کے مطابق صاف پانی فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب پر حکومتی خزانے کو دانستہ 130.604 ملین کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو عدالت نے رہا کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس ملک شہزاد احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔
شہباز شریف مختلف مقدمات میں نیب کی تحویل میں ہیں جبکہ احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز شریف پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔