سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو جناح ہسپتال منتقل کرنے کافیصلہ کر لیا گیا، اس حوالے سے پنجاب حکومت نے نوٹی فیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق میاں نواز شریف کو جیل سے ہسپتال سے منتقل کرنے کا فیصلہ میڈیکل بورڈ کی سفارش پر کیا گیا ہے، انھیں لاہور کے جناح ہسپتال میں منتقل کیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ میاں نواز شریف کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔
خیال رہے کہ میاں نواز شریف رواں ماہ ہی 5 دن مسلسل سروسز ہسپتال میں قیام کے بعد واپس جیل منتقل ہوئے تھے۔ سابق وزیراعظم نے پی آئی سی جانے سے تین دن مسلسل انکار کیا اور کہا تھا کہ جب معاملہ دل کا تھا تو پہلے ہی دل کے ہسپتال میں علاج کرانا چاہیے تھا۔
سابق وزیراعظم کا چھ رکنی چوتھا میڈیکل بورڈ بنایا گیا جس کے سربراہ پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر محمود ایاز اور اراکین میں سینئر پروفیسر ساجد نثار، پروفیسر کامران چیمہ، پروفیسر خدیجہ، پروفیسر زاہد اور پروفیسر سلیم چیمہ شامل تھے۔
بورڈ کے کل 12 اجلاس ہوئے اور سابق وزیراعظم کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے جن میں سی ٹی سکین، شریانوں کا ٹیسٹ، سی ٹی سکین پیٹ اور گردوں کا ٹیسٹ، الٹرا ساؤنڈ، سینے کا ایکسرے، پیتھالوجی کے ٹیسٹ جن میں جگر، گردے، ہارمونز، دل کے ٹیسٹ، شوگر بلڈ پریشر وغیرہ شامل تھے۔
سابق وزیراعظم نے تین بار میڈیکل بورڈ کے کہنے کے باجود پی آئی سی جانے سے انکار کیا۔ بعد ازاں بورڈ کے دو اجلاس ہوئے جس میں ایک بار پھر نواز شریف کو پی آئی سی منتقل کرنے پر زور دیا گیا لیکن میاں نواز شریف نے جیل جانے پر ہی زور رکھا۔