سی ٹی ڈی کی سانحہ ساہیوال میں ملوث پیٹی بند بھائیوں کو بچانے کی کوشش کا پول کھل گیا۔سانحہ ساہیوال میں فرانزک ایجنسی نے حتمی رپورٹ متعلقہ حکام کو بھیج دی ہے جس میں آواز کی ریکارڈنگ کے ثبوت تبدیل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق گولیاں سی ٹی ڈی اہلکاروں نے چلائیں، جو ایس ایم جی رائفلیں بھیجی گئیں وہ بھی تبدیل تھیں، تمام افسران کا پولی گرافک ٹیسٹ ہونا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق فرانزک ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جو ڈیجیٹل وائس ریکارڈر کی ڈسک بھیجی گئی وہ تبدیل کی گئی، اگر اصلی ڈسک آتی تو معلوم ہو جاتا گولی چلانے کا آڑدر کس نے دیا، کار میں لگی ایک گولی سی ٹی ڈی اہلکار کی بندوق سے چلائی گئی۔
واضح رہے کہ 19 جنوری 2019 کو ساہیوال میں سی ٹی ڈی اہلکاروں کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد مارے گئے تھے۔ مرنے والوں میں خلیل، اس کی اہلیہ نبیلہ، بیٹی اریبہ اور دوست ذیشان شامل تھے۔