وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے کراچی پریس کلب میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس کے تینوں گروپوں اور کراچی پریس کلب کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور کٹوتی جیسے اقدامات پر میڈیا مالکان کی حمایت اور خود حکومت کی جانب سے میڈیا ورکرز دشمن اقدامات کرنے پر وفاقی حکومت کے خلاف فائنل راؤنڈ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس اقدام کے پہلے مرحلے میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے کراچی پریس کلب میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ کراچی میں وفاقی حکومت کی تمام سرکاری تقریبات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔
کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز فاران نے تمام اراکین اور صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی کال پر لبیک کہتے ہوئے کراچی میں وفاقی حکومت کی تمام سرکاری تقریبات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔
اس موقع پر وفاقی حکومت بالخصوص وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے رویے پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے مختلف میڈیا اداروں میں صحافیوں کی جبری برطرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا مسئلہ درپیش ہے اور اس سلسلے میں چاروں صوبوں میں کئی مرتبہ احتجاج بھی کیا جا چکا ہے۔