قائدحزب اختلاف شہباز شریف اورسابق صدر آصف علی زرداری نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور معزز سعودی مہمانوں کو پاکستان آمد پر تہہ دل سے خوش آمدید کہتے ہیں، سعودی ولی عہد اور ان کے وفد کی پاکستان آمد خوش آئند اور باعث مسرت ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پورا پاکستان اپنے سعودی معزز بھائیوں کی آمد کا پرتپاک خیر مقدم کرتا ہے۔ شاہ سلمان پاکستان کے لئے محبت کی سعودی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ یہ معاشی پیکج بہت فراخدلانہ ہے۔
ترجمان مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ معاشی طور پر پاکستان کی فلاح وبہبود کے لئے بہت مددگار ہے۔ پاکستان کے عوام یہ فراخدلی کبھی نہیں بھول سکتے۔
دریں اثنا اپنے ایک بیان میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سعودی ولی عہد کو پاکستان میں دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات ہیں۔ سعودی عرب ہمارا انتہائی معتبر اور قابل احترام دوست ہے۔