ارشاد رانجھانی کیس کے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع

کراچی میں ملیر کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ارشاد رانجھانی قتل کیس میں گرفتار کیے گئے رحیم شاہ اورانسپکٹرعامرریاض کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کر دی۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں ارشاد رانجھانی قتل کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے کی۔

عدالت نے ملزم رحیم شاہ اورانسپکٹرعامرریاض کے جسمانی ریمانڈ میں 18فروری تک توسیع کر دی ہے۔

ملیر کی عدالت نے ملزمان کو انسداد دہشت گردی عدالت کے منتظم جج کے پاس پیش کرنے کی ہدایت بھی ہے۔

واضح رہے کہ ارشاد رانجھانی کو 6 فروری کو بھینس کالونی کے یوسی چیئرمین رحیم شاہ نے ڈاکو قرار دیتے ہوئے قتل کر دیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت ارشاد رانجھانی لوٹ مار میں مصروف تھا جبکہ اُس کا کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔

ارشاد رانجھانی کے لواحقین کے شدید احتجاج اور سوشل میڈیا پر معاملہ گرم ہونے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کیس کی جوڈیشل انکوائری کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔