مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ بھارت نے تجارت کے لیے پاکستان کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ ختم کرنے سے آگاہ نہیں کیا۔
عبدالرزاق داؤد نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کا موسٹ فیور نیشن (ایم ایف این) اسٹیٹس ختم کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں تاہم ہم بھارت سے اس معاملے پر بات کرسکتے ہیں۔
مشیر تجارت نے کہا کہ پاکستان اس معاملے کو مختلف فورمز پر اٹھا سکتا ہے اور پاکستان اس مسئلے کو ورلڈ ٹریڈ فورم پر بھی اٹھا سکتا ہے۔
عبدالرزاق داؤد کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اوربھارت دونوں ورلڈ ٹریڈ فورم کے رکن ہیں۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں خودکش حملے میں 44 بھارتی سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلے نے اعلان کیا تھا کہ وہ پاکستان کو دیا گیا ایم ایف این اسٹیٹیس واپس لے رہے ہیں جس کا اطلاق فوری ہوگا۔