وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم پاکستان سعودی عرب کو عالمی سطح پر طاقتورملک دیکھنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے العریبیہ ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کے دورے پرپاکستانی قوم انتہائی خوش ہے۔ ہم سعودی ولی عہد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم سعودی ولی عہد کی بے تابی سے منتظر ہے جب کہ دونوں ملکوں میں تاریخی تعلقات قائم ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی متعارف کرائی گئی اصلاحات تاریخ ساز ہیں اور ہم محمد بن سلمان کی تاریخ ساز اصلاحات کی حمایت کرتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا دوست رہا ہے اور پاکستان سعودی عرب کو عالمی سطح پرطاقتورملک دیکھنا چاہتا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ ہم مشکل معاشی حالات سے دوچار تھے اور اس موقع پر سعودی عرب کی مدد پر اُن کے شکر گزار ہیں۔
اس سے قبل عمران خان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ایک تاریخی دورہ ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ سعودی ولی عہد کے دورہ سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں مزید پختگی آئے گی اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہت سے معاہدوں پر دستخط بھی ہوں گے۔
عمران خان نے عوامی مسائل پر کہا تھا کہ عوام کے ساتھ براہ راست جڑ کر ان کے مسائل حل کرنے کا طریقہ کامیاب ہوا اور وزیر اعظم ہاؤس کے شکایتی سیل کو بہترین کامیابی ملی۔ دبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں پاکستان سٹیزن پورٹل ایپ کا دوسرا نمبر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دبئی میں ہونے والے مقابلے میں 87 ممالک کی 4646 ایپس شامل تھیں۔ پاکستانی ایپ نے امریکا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جب کہ انڈونیشیا پہلے اور امریکا تیسرے نمبر پر آئے ہیں۔