اسلام آباد : سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی آمد سے پہلے ہی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
اطلاعات کےمطابق سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیرکااسلام آباد کے نور خان ایئر بیس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شاندار استقبال کیا۔
واضح رہے کہ محمد بن سلمان پاکستان کے تاریخی دورے پر آج شام 7 بجے اسلام آباد پہنچیں گے۔ دوسری جانب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے شاندار استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو 3 لئیرز باکس سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
راولپنڈی نور خان ائیربیس سے وزیراعظم ہاؤس تک باکس سیکیورٹی مشترکہ طور پر کمانڈ پاک فوج اور شاہی گارڈز کے سپرد ہوگی، فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ بلند عمارتوں پر اہلکار تعینات ہوں گے۔
وزیراعظم کی سعودی ولی عہد کے ساتھ ون آن ون ملاقات ہو گی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہو ں گے۔ باہمی معاہدوں پر دستخط کے بعد معزز مہمان اور ان کے وفد کو وزیراعظم عشائیہ دیں گے۔
شہزادہ محمد بن سلمان کی صدر مملکت عارف علوی، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ معزز مہمان کو نشان پاکستان سے بھی نوازا جائے گا۔
سعودی وفد میں وزرا، ارکان شاہی خاندان اور کاروباری شخصیات شامل ہیں، دورے کے دوران وفد میں شامل وزرا پاکستانی ہم منصب وزرا سے ملاقاتیں کریں گے جس میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت ہو گی۔
اس دوران مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوں گے، جن میں پٹروکیمیکل ریفائنری کا قیام، ثقافت و آرٹ اور میڈیا تعاون کیلئے پاکستان اور سعودی عرب ایگزیکٹو پروگرام شامل ہیں۔