اسلام آباد : وزیر اعظم ہاؤس میںمعاہدوں پر دستخط کرنے کی تقریب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے 2 درخواستیں کیںاور کہاکہ وہ حاجیوں کیلئے امیگریشن کو آسان بنائیں اور سعودی عرب میں کام کرنے والے مزدوروں اور پاکستانی قیدیوں کے معاملے کو دیکھیں۔
تفصیلات کے مطابق
وزیر اعظم نے کہا کہ لوگ ساری زندگی ایک ایک پیسہ اکٹھا کرتے ہیں تاکہ وہ حج کیلئے جاسکیں، میری آپ سے درخواست ہے کہ ان کیلئے امیگریشن کا معاملہ آسان بنائیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کے سامنے پاکستانی مزدوروں اور قیدیوں کا معاملہ بھی اٹھایا۔ وزیر اعظم نے کہا اس وقت سعودی عرب میں 25 لاکھ پاکستانی مزدور کام کر ہے ہیں اور یہ وہ لوگ ہیں جو میرے دل کے انتہائی قریب ہیں۔ یہ لوگ اپنی فیملی کو چھوڑ کر ان کا پیٹ بھرنے کیلئے گھر سے دور سخت محنت کر رہے ہیں۔ اس وقت انہی مزدوروں میں سے 3 ہزار سعودی عرب کی جیلوں میں قید ہیں۔ یہ غریب لوگ ہیں اور ہمارے لیے بہت خاص لوگ ہیں، ان کے معاملے پر آپ سے خصوصی درخواست کرتے ہیں کہ انہیں اپنے لوگوں کی طرح دیکھیں۔
وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پاکستانیوں کو معاملہ اٹھائے جانے پر سعودی ولی عہد نے انتہائی مثبت جواب دیا اور عمران خان کو مخاطب کرکے کہا ’ آپ مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھیں، اس معاملے میں جو بھی کرسکے وہ کریں گے‘۔