عالمی عدالت میں کلبھوشن کیس کی سماعت شروع

پاکستان میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے کیس کی عالمی عدالت میں آج سے سماعت شروع ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق عالمی عدالت میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت آج سے سماعت شروع ہو گئی، عالمی عدالت انصاف کا پندرہ رکنی بنچ سماعت کررہا ہے، پندرہ رکنی بنچ میں ایک جج دلویر بھارتی بھی ہے۔

پہلے دن بھارتی وکلا دلائل پیش کر رہے ہیں جبکہ منگل انیس فروری کو پاکستان جوابی دلائل دے گا، بیس اور اکیس فروری کو عدالت کیس سے متعلق غوروخوض کرے گی، سماعت 4 دن جاری رہے گی۔

دوسری جانب برطانوی ادارے نے کلبھوش کا پاسپورٹ اصلی قرار دے دیا۔ایک برطانوی ادارے کی رپورٹ کے مطابق کلبھوشن کی جعلی شناخت کیلئے بھارت نے اصل پاسپورٹ جاری کیا، حسین مبارک پٹیل کے نام سے پاسپورٹ بھارتی حکومت کا جاری کردہ ہے۔

کلبھوشن یادیو نے جعلی شناخت اپنا کر حسین مبارک کے نام سے سفر کیا، حسین مبارک پٹیل کا پاسپورٹ اصلی جبکہ شناخت جعلی ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے برطانوی ادارے کی رپورٹ عالمی عدالت میں پیش کر دی ہے۔

یاد رہے بھارتی نیوی کاکمانڈر کلبھوشن پاکستان میں تباہی پھیلانے کے مذموم ارادے کے ساتھ ایرانی سرحد سے داخل ہوا لیکن پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے تین مارچ 2016 کو کلبھوشن کو بلوچستان کے علاقے ماشکیل سے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا۔