خادم حسین رضوی سمیت دیگر رہنماؤں کی درخواست ضمانت مسترد

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی اور دیگر رہنماؤں کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں خادم حسین رضوی کیس کی سماعت ہوئی اور انہیں دیگر ملزمان سمیت انسداد دہشت گردی عدالت نمبر 4 کے جج کے روبرو پیش کیا گیا جبکہ اس موقع پر عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

دوران سماعت ملزمان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ خادم حسین رضوی اور دیگر ملزمان کی صحت کیلئے مناسب ماحول فراہم کیا جائے۔عدالت نے ملزمان کے وکیل اور پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد علامہ خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے اسے خارج کر دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر تفتیشی افسر نے مقدمے کا چالان پراسیکیوشن کو فراہم کیا تھا جبکہ 4 فروری 2019 کو انسداد دہشت گردی عدالت نے ٹی ایل پی کے سربراہ خادم حسین رضوی اور دیگر رہنماؤں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 8 فروری تک توسیع کی تھی۔اس سے قبل 22 جنوری 2019 کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ٹی ایل پی کے سربراہ خادم حسین رضوی سمیت 4 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔