سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے متعلق مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا،اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف اقدامات جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کااعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، اعلامیہ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان آیا، جس میں سعودی وزرا اور تاجر بھی شامل تھے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات سے متعلق ایک نئے باب کاآغاز ہے، جس میں دونوں ممالک کی جانب سے مختلف شعبوں میں معاہدوں اورایم اویوز پر دستخط کیے گئے۔
دورے کے دوران مجموعی طور پر پاکستان میں بیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہوئے، جب کہ ولی عہد نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کو رہاکرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے دو طرفہ تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کیا، جب کہ سعودی عرب کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے بھارت کو مذاکرات کی پیش کش کے اقدام کو سراہا گیا۔