بھارتی دھمکیاں۔ پاکستان کا اقوام متحدہ سےفوری مداخلت کا مطالبہ

پلوامہ حملے کے بعد بھارت کی جانب سے دھمکیوں اور غیر ضروری اقدامات کے بعد پاکستان نے کشیدگی کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کر دیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کوپلوامہ حملے کے بعد ہونے والی کشیدگی کے خاتمے کیلئے اقوام متحدہ سے مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میرا یہ خط فوری طورپرسلامتی کونسل کے ارکان کو پہنچایا جائے۔

خط میں کہا گیا کہ بھارت تحقیقات کے بغیرپلوامہ حملے کا الزام پاکستان پرلگا رہا ہے، کشیدگی کے خاتمے کیلیے اقوام متحدہ کی فوری مداخلت ضروری ہے۔ بھارت کے مطابق حملہ آورکشمیری تھا لیکن الزام پاکستان پردھردیا۔

خط کے مطابق بھارت نے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی دھمکی دی جو سنگین غلطی ہوگی جب کہ بھارت اپنے داخلی مقاصد کے تحت پاکستان دشمن بیانات سے خطے کا ماحول کشیدہ بنا رہا ہے۔

یاد رہے کہ 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں قابض بھارتی سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر کار بم دھماکے میں 44 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

واقعے کے بعد بھارت نے تحقیقات کیے بغیر حملے کا الزام پاکستان پر لگاتے ہوئے پاکستان کو حاصل موسٹ فیور نیشن کا اسٹیٹس واپس لے لیا اور اندرون ملک پی ایس ایل میچ دکھانے پر بھی پابندی لگادی۔