مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ہونے والے حملے کے بعد بھارت اوچھے ہتھکنڈوں پراترآیا۔پاکستانی گلو کاروں پر پابندی کے بعد بھارتی قومی اردو کونسل نے عالمی اردو کانفرنس میں پاکستانی شاعروں اورادیبوں کی شرکت منسوخ کردی۔
کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ اس حملے کے بعد پورے بھارت میں پاکستان کے خلاف غم وغصہ ہے اس لیے ہم نے 18 تا 20 مارچ کو دہلی میں منعقد ہونے والی عالمی اردو کانفرنس میں پاکستانی ادیبوں اورناقدوں کے دعوت نامہ کو منسوخ کردیا ہے۔
قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے شمال مشرقی ریاست کے اپنے دورے سے واپسی کے بعد اس فیصلے کا اعلان کیا۔
انھوں نے کہا کہ اگلے ماہ منعقد ہونے والی سالانہ عالمی اردو کانفرنس میں پاکستان سے کئی شاعروں وادیبوں کی شرکت متوقع تھی اورانھیں دعوت نامہ بھی بھیج دیا گیا تھا لیکن اب ہم نے پاکستان کے ادیبوں کو بھیجا گیا دعوت نامہ واپس لے لیا ہے ۔