قومی احتساب بیورو(نیب) نے سابق صدر آصف زرداری کی پریس کانفرنس پراپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ادارے کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈہ کارروائیوں پر اثر انداز ہونے کی مذموم کوشش ہے۔
ترجمان نیب کا ایک اعلامیے میں کہنا تھا کہ نیب ایک قومی ادارہ ہے، کارروائیوں میں کسی کو استثنیٰ حاصل نہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ نیب افسران کا تعلق کسی جماعت، فرد یا گروہ سے نہیں، نیب ہرقسم کی صوبائیت کی پرزور مذمت کرتا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ نیب قانون کے مطابق ملک بھر میں کارروئیاں کر رہا ہے،کسی صوبہ کو استثنیٰ نہیں۔
علامیے میں بتایا گیا کہ نیب کراچی کی ٹیم نے آغا سراج درانی کو آمدن سے زائد اثاثہ کیس میں اسلام آباد سے گرفتار کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ نیب ہیڈکوارٹرز کے آپریشن ڈویژن اور انٹیلی جنس ونگ نے چیئرمین نیب کی زیر نگرانی سپروائز کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ احتساب عدالت اسلام آباد میں ملزم سراج درانی کا تین دن کا راہداری ریمانڈ دیا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ نیب نے ملزم سراج درانی کو کراچی منتقل کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔
واضع رہے کہ اس سے قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران آصف علی زرداری نے اسپیکر سندھ اسمبلی غا سراج درانی کی گرفتاری پر نیب کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔